Monday, 16 October 2017

پیاس کے رخ پر وفاؤں کا طمانچہ رکھ دیا

پیاس کے رخ پر وفاؤں کا طمانچہ رکھ دیا
مشک میں عباس نے لمحوں میں دریا رکھ دیا

کر نہیں سکتا اندھیرا اب یہاں کوئی یزید
شام کی قسمت میں زینب نے اجالا رکھ دیا

دشمنِ زہرا کو دنیا میں جلانے کے لئے
دین میں رب نے تولا اور تبرا رکھ دیا

حشر تک گونجا کرے اللہ اکبر اس لئے
*بڑھ کے اکبر نے اذانوں میں کلیجہ رکھ دیا*

کیا سمجھ پاؤگے تم اِن آنسوؤں کے مول کو
جنکے بدلے خلد میں خالق نے خانہ رکھ دیا

تاابد شبیر پر خالق نے رونے کے لئے
صورتِ اشکِ عزا آنکھوں میں دریا رکھ دیا

آ گئے پھر راہب و فطرس برائے مدعا
گھر میں جب ہم نے علی اصغر کا جھولا رکھ دیا

جب کسی نے ماتمِ شبیر کو بدعت کہا
سورہء یوسف کا پھر ہم نے حوالہ رکھ دیا

رکھ دیا جس نے غمِ شبیر کو بالائے طاق
نامہء اعمال میں اُس نے اندھیرا رکھ دیا

کسطرح لیکر گئے شہ لاشہء اکبر نہ پوچھ
خاک پر رکھا جنازہ پھر اٹھایا رکھ دیا

پھوٹ کر رونے لگی فوجِ ستم جب شاہ نے
گرم ریتی پر علی اصغر کو پیاسہ رکھ دیا

غربتِ شبیر پر گریہ کناں ہے ذوالفقار
قبر میں شبیر نے اصغر کا لاشہ رکھ دیا

میرے مالک نے شرف *عارف* مجھے کیسا دیا
خانہء دل میں مرے غم کربلا کا رکھ دیا

سید محمد عسکری *عارف*

No comments:

Post a Comment

خراج تحسین حسن نصراللہ

خراجِ تحسین شہیدِ مقاومت آیت اللہ سید حسن نصراللہؒ مردِ حق، سید و سردار حسن نصراللہؒ بے سہاروں کے  مددگار حسن نصراللہؒ فوجِ  ایماں کے علمدار...