Wednesday, 9 August 2023

گریہ کناں ہے چاند تو سورج گہن میں ہے

نوحہ شہادت امام حسن ع.س.

گریہ کناں ہے چاند تو سورج گہن میں ہے
ٹکڑے ہوا حسن کا کلیجہ لگن میں ہے

 برپا جو ایک حشر سا چرخِ کہن میں ہے
ڈوبا ہوا بتول کا تارہ گگن میں ہے

امت نے پھر ستایا ہے بنتِ رسول کو
زیرِ لحد بتول کی میت گھٹن میں ہے

تیروں میں مجتبیٰ کا جنازہ الجھ گیا
زخمو کی کائنات گلِ پنجتن میں ہے

جاری ہے خوں کی دھار بدن سے امام کے
مجروح لاشِ سبطِ پیمبر کفن میں ہے

پہلو میں ناناجاں کے نواسہ نہ جا سکا
کتنی غریب آلِ پیمبر وطن میں ہے

یثرب میں مجتبیٰ کے جنازے پہ تیر ہیں
تیروں پہ ہائے لاشہء شبیر بن میں ہے

آئی خزاں اجاڑنے احمد کے باغ کو
مرجھایا ایک پھول نبی کے چمن میں ہے

غازی کو بڑھ کے روک لو اے شاہِ کربلا
اِسدم جبین شیرِ علی کی شکن میں ہے

"عارف" قلم کو روک لے نوحہ تمام کر
طوفاں الم کا برپا دلِ خستہ تن میں ہے
سید محمد عسکری عارف-

No comments:

Post a Comment

خراج تحسین حسن نصراللہ

خراجِ تحسین شہیدِ مقاومت آیت اللہ سید حسن نصراللہؒ مردِ حق، سید و سردار حسن نصراللہؒ بے سہاروں کے  مددگار حسن نصراللہؒ فوجِ  ایماں کے علمدار...