Wednesday, 13 September 2023

نوحہ امام در حال شہادت امام حسن علیہ السلام

گریہ کناں ہے چاند تو سورج گہن میں ہے
ٹکڑے ہوا حسنؑ کا کلیجہ لگن میں ہے

برپا جو ایک حشر سا چرخِ کہن میں ہے
ڈوبا ہوا بتولؐ کا تارہ گگن میں ہے

اُمّت نے پھر ستایا ہے بنتِ رسولؐ کو
زیرِ لحد بتولؐ کی میت گھٹن میں ہے

تیروں میں مجتبٰیؑ کا جنازہ الجھ گیا
زخموں کی کائنات گُلِ پنجتنؑ میں ہے

اُجلا کفن تھا، خوں سے مگر سُرخ ہو گیا
زخموں سے چور سبطِ پیمبرؐ کفن میں ہے

نانا کا پہلو مل نہیں پایا نواسے کو
کتنی غریب آلِ پیمبرؐ وطن میں ہے

یثرب میں مجتبٰیؑ کے جنازے پہ تیر تھے
تیروں پہ ہائے لاشہء شبیرؑ بَن میں ہے

یثرب میں ہائے زہر بھری کیا ہوا چلی
مرجھایا اِک گُلاب نبیؐ کے چمن میں ہے

محوِ فغاں ہیں زینبؐ و کلثومؐ پیٹ کر
وقتِ جدائی مومنو بھائی بہن میں ہے

روتے ہیں مصطفیٰؐ و علیؑ فاطمہؐ حسینؑ
عارفؔ صدائے گریہ بپا انجمن میں ہے

No comments:

Post a Comment

خراج تحسین حسن نصراللہ

خراجِ تحسین شہیدِ مقاومت آیت اللہ سید حسن نصراللہؒ مردِ حق، سید و سردار حسن نصراللہؒ بے سہاروں کے  مددگار حسن نصراللہؒ فوجِ  ایماں کے علمدار...