Thursday, 15 August 2024

روتا ہے ایک بھائی زندان شام میں

نوحہ درحال شہادتِ بیبی سکینہ

روتا ہے ایک  بھائی  زندانِ شام میں
خواہر کو موت آئی زندان شام میں

بابا کے سر سے لپٹی روتی رہیں سکینہ
ہچکی قضا کی آئی زندانِ شام میں

زینب یہ کہ رہی ہیں تم مر گئی سکینہ
ہم کو نہ موت آئی زندانِ شام میں

کیا کیا نہ دکھ اٹھاے چھوٹے سے سن میں بیبی
فرصت غموں سے پائی زندانِ شام میں

ہاتھوں میں کپکپی ہے کیسے اٹھے جنازہ
قیدی بنا ہے بھائی زندانِ شام میں

بانو تڑپ تڑپ کے فریاد کر رہی ہے
میری لٹی کمائی زندانِ شام میں

بعدِ حسین جسکے سونے پہ سختیاں تھیں
اب اسکو نیند آئی زندانِ شام میں

جکڑے تھے ہتھکڑی میں عابد کے دونوں بازو
کیسے لحد بنائی زندانِ شام میں

اٹھتا تھا شورِ ماتم لو الوداع سکینہ
تم سے ہوئی جدائی زندانِ شام میں

ڈرتی تھی دیکھکر جو تاریک قید خانہ
ہے ہے وہ جی نہ پائی زندانِ شام میں

اک حشر سا بپا تھا اہلحرم میں عارفؔ
بدلی غموں کی چھائی زندانِ شام میں
عسکری عارف

No comments:

Post a Comment

خراج تحسین حسن نصراللہ

خراجِ تحسین شہیدِ مقاومت آیت اللہ سید حسن نصراللہؒ مردِ حق، سید و سردار حسن نصراللہؒ بے سہاروں کے  مددگار حسن نصراللہؒ فوجِ  ایماں کے علمدار...