Monday, 24 February 2025

خراج تحسین حسن نصراللہ

خراجِ تحسین شہیدِ مقاومت آیت اللہ سید حسن نصراللہؒ

مردِ حق، سید و سردار حسن نصراللہؒ
بے سہاروں کے  مددگار حسن نصراللہؒ
فوجِ  ایماں کے علمدار حسن نصراللہؒ
عزم  کی  آہنی  دیوار حسن  نصراللہؒ
ظلم کے دل میں ترے نام کا ڈر زندہ ہے
حشر تک تیری شہادت  کا  اثر زندہ ہے

روضۂ حضرتِ زینبؐ کی حفاظت کی ہے
تونے اس  طرح  ادا اجرِ رسالت  کی  ہے
ڈٹ کے میدان میں اسلام کی نصرت کی ہے
تونے تاعمر فقط  دین کی خدمت کی ہے
ظلم سے آخری  دم  بر سرِ  پیکار  تھا تو
کیا غلط ہے جو کہوں وقت کا مختار تھا تو

خاکِ مقتل میں ابھی تیری نمو باقی ہے
شہ رگِ حق میں ابھی تیرا لہو باقی ہے
اے  گلِ  گلشنِ  ایماں تری  بو  باقی ہے
مٹ گیا تیرا  بدن  آج  بھی تو باقی ہے
خوف طاری ہے ترا وقت کے شیطانوں پر
تری ہیبت ہے ابھی ظلم کے ایوانوں پر

تری جرات  تری حکمت تری تقریروں سے
تری تعریف میں لکھی گئی تحریروں سے
سرِ میدانِ  تری  جنگ  کی تدبیروں سے
ظلم کو آج بھی ڈر ہے تری تسخیروں سے
کتنے بزدل ہیں یہ صہیونی بتا دیتے ہیں
فیس بک سے  تری تصویر  ہٹا دیتے ہیں

ڈالر و طاقت  و  ایوان و حکومت کا غرور
سر پہ چڑھتا ہوا مشروبِ غلاظت کا سرور
برخلافِ  روشِ  دینِ  خداوند   امور
تونے منصوبہ کیا ایسے ستمگار کے چور
موت کے خوف سے وہ گھر میں چھپا بیٹھا ہے 
مرحبِ وقت تو بنکر میں چھپا بیٹھا ہے

ایک  تابندہ   حقیقت  ہے  تری  قربانی
فخرِ  اربابِ  شہادت   ہے  تری  قربانی
حق پرستوں کی امانت ہے تری قربانی
اک قیامت  کی علامت  ہے تری قربانی
پنجہء ظلم سے اقصٰی کی رہائی ہوگی
تری قربانی سے  دنیا  میں تباہی ہوگی

ہے  رقم صفحہء ہستی پہ شجاعت تیری
حوصلہ بخشے گی مومن کو شہادت تیری
مہر ہے  سینہء ایقان پہ صورت تیری
خاک کر دیگی نتنیاہو کو حشمت تیری
ہاں یہ آغاز ہے صہیون کی بربادی کا
آ گیا  وقت   فلسطین  کی  آزادی  کا

حرمِ  ثانیِ  زہرا  کے  مکیں  تجھ  پہ  سلام
پیکرِ صبر و مساوات و یقیں تجھ پہ سلام
تاجِ  اقلیمِ حمیت کے  نگیں تجھ پہ سلام
خم بصد اشک ہے عارفؔ کی جبیں تجھ پہ سلام
کربلا والوں کی سیرت پہ عمل تونے کیا
ہم تو بزدل ہیں ولایت پہ عمل تونے کیا
عسکری عارفؔ

No comments:

Post a Comment

خراج تحسین حسن نصراللہ

خراجِ تحسین شہیدِ مقاومت آیت اللہ سید حسن نصراللہؒ مردِ حق، سید و سردار حسن نصراللہؒ بے سہاروں کے  مددگار حسن نصراللہؒ فوجِ  ایماں کے علمدار...