مسدس حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا

زہراؐ، بتولؐ، طاہرہؐ، صدیقہؐ، فاطمہؐ
بنتِ رسولؐ، راضیہؐ، مرضیّہؐ فاطمہؐ
حوراؐ، سعیدہؐ،سیدہؐ،معصومہ فاطمہؐ
امِّ ابیہاؐ،شاہدہؐ،مشہودہؐ فاطمہؐ
اب کیا لکھوں میں عظمتِ زہراؐ کے باب میں
ہوتی ہے اِنکی مدح خدا کی کتاب میں

شانِ نزولِ سورۂ کوثر ہیں فاطمہؐ
حقاّ، جوابِ طعنۂ ابتر ہیں فاطمہؐ
اصلِ اصولِ دینِ پیمبرؐ ہیں فاطمہؐ
دنیائے حقّ و صِدق کا مِحور ہیں فاطمہؐ
حق ہیں اگر علیؑ یہ حق کی دلیل ہیں
پیشِ خدا بتولؐ فدک کی وکیل ہیں

ضُعفِ رسولِؐ پاک کا درماں بتولؐ ہیں
روحِ روانِ مرکزِ ایماں بتولؐ ہیں
تسکینِ قلبِ فخرِ رسولاں بتولؐ ہیں
رحمت برائے رحمتِ یزداں بتولؐ ہیں
کس منزلِ کمال کی حامل ہیں فاطمہؐ
احمدؐ کی ذاتِ پاک میں شامل ہیں فاطمہؐ

صدیق کون، کِذب کا عنوان کون ہے؟
فاروق کون؟ دشمنِ قرآن کون ہے؟
مکار کون اور مسلمان کون ہے؟
انسان کے لباس میں شیطان کون ہے؟
حق پر ہے کون، کون رہِ بے ثبات پر
عقدہ کھلے گا فاطمہ زہراؐ کی ذات پر

صوم و صلوٰۃ و حجّ و زکوٰۃ و جہاد بھی
تبلیغِ دین اور حقوق العباد بھی
مابینِ مسلمینِ جہاں، اتحاد بھی
وحدت پہ اعتقاد، یقینِ معاد بھی
ہر امر در حضورِ خدا ناقبول ہے
ناراض ہیں بتولؐ تو سب کچھ فضول ہے

حلّالّ مشکلات کی مشکل کا حل بتولؐ
حیدرؑ کے صبر و ضبط کا شیریں ثمر بتولؐ
حیّٰ علی الفلاح بھی، خیر العَمَل بتولؐ
ہیں شیرِ کردگار کے ہاتھوں کا بل بتولؐ
جہدِ علیؑ کی آخری منزل ہیں فاطمہؐ
حیدرؑ کی زندگانی کا حاصل ہیں فاطمہؐ

نکلے رسولؐ کرنے کو جس دم مباہلہ
نفسوں میں نفسِ احمدِ مختار مرتضیٰؑ
حسنینؑ آئے صورتِ ابنائے مصطفیؐ
اور عورتوں میں فاطمہؐ صدیقہؐ طاہرہؐ
کرتے ہو اہلبیت میں ازواج کا شمول
پھر عورتوں میں کس لیے تنہاں گئیں بتولؐ

چادر کے نیچے کون ہیں یا ربِّ کردگار
بولا خدا بتولؐ کے بابا، فلک وقار
شوہر علیِ حیدر کرار نامدار
حسنینؑ بیٹے، دوشِ محمدؐ کے شہسوار
باقی اِنہیں کے دم سے رہِ اتصال ہے
ورنہ تو پنجتن کا تعارف محال ہے

لختِ دلِ نبیِؐ خدا، بضعت الرسول
خورشید و ماہتاب ہیں جس کے قدم کی دھول
ہر وقت جس کی ذات پہ رحمت کا نزول
کوئی عمل بھی اِن کے عدو کا نہیں قبول
جنّت حریمِ بنتِ رسول انام ہے
سو دشمنِ بتولؐ پہ جنت حرام ہے
عسکری عارفؔ

Comments

Popular posts from this blog

مسدس مولا عباسؑ

منقبت مولا علی علیہ السلام

منقبت مولا علی